سلام روشنی کے اس استعارے پر



سلام روشنی کے اس استعارے پر جس نے سرِ مقتل اپنی روشنیاں قربان کیں.
سلام حسین ابن علی(ع) کے رخ پر جس پر صبح کی صباحت قربان ہے.
سلام اس زلف وللیل کے جس کی پیچیدگی میں گردشِ لیل و نہار گم ہے. 
سلام حیدر(ع) کے لختِ جگر پر جس نے میدانِ کرب و بلا کو اپنے خون سے جلا بخشی.
سلام بنتِ فاطمہ(ع) کے جس نے زیرِ خنجر سجدہِ عشق ادا کیا. 
سلام نانا(ع) کے نواسے پر جس پر امتیوں نے تیر و تبر برسائے. 
سلام زینب(ع) کے بھائی پر جس کے سر نے نیزے پر چڑھ پر تلاوت کی. 
سلام علی اکبر(ع) کے بابا پر جس نے دوش ِ نبی پر سواری کی. 
سلام علی اصغر(ع) کے بابا پر جس نے دشمنوں پر حجت تمام کر دی. 
قربان زینب کے(ع) بہادر بھائی پر جس نے لبِ دریا شانے کٹا کر منصبِ عملداری نبھا دیا. 
قربان حسین(ع) کے علمدار پر جس نے مشکِ سکینہ کو اپنے خون سے بھر دیا. 
درود شبیہ رسول(ع) پر جس نے مقتل میں نانا کی دین کی لاج رکھی. 
قربان قاسم(ع) یتیم کی مہندی پر جس کے جسم کے ٹکڑے ریگ زار میدان میں بکھرے ہوئے تھے. 
سلام  بیبیوں(ع) کے صبر پر جن کے لختِ جگر نورِ نظر ان کے سامنے قربان ہو رہے تھے. 
قربان علی اصغر(ع) کے ننھے لاشے پر جس کا بوجھ حسین کو دوہرا کر گیا. 
قربان حسین(ع) کے صبر کے جس سے عرش و فرش میں لرزا طاری تھا. 
سلام لاڈلی زینب(ع) کے جس کو عباسِ علمدار کے بعد پابندِ سلاسل کیا گیا. 
سلام حسین(ع) کے بیمار بیٹے پر جس کے بابا کے لاشے کو فلک نے بے گوروکفن دیکھا. 
سلام ان بہتر پر جنہوں نے حسین(ع) کے نانا کے دین سے وفاداری نبھائی. 
سلام ان بہتر پر جن کے خون سے میدانِ کربلا میں وفا کی داستان لکھی گئی. 
قربان زینب(ع) کے گریہ کے جس نے حسین کے غم کو مرنے نہیں دیا. 
قربان زینب(ع) کے بھائی کے جس نے گھر کا گھر مقتل میں لٹا دیا. 





Comments