پیام آیا سفر کی ابتدا کرنے کے بارے میں



پیام آیا سفر کی ابتدا کرنے کے بارے میں
پرندے سوچتے تھے گھونسلہ کرنے کے بارے میں

ابھی مصروف ہے وہ شہر کے لوگوں میں، سو ہم نے
ابھی سوچا نہیں ہے رابطہ کرنے کے بارے میں

مکمل ہو نہیں پایا ہے پہلا کام تم سے،اور
پریشاں ہو رہے ہو دوسرا کرنے کے بارے میں

بہت ممکن ہے دنیا ختم ہو جائے ابھی لیکن
نظر ثانی ہے جاری، التوٰا کرنے کے بارے میں

بہت بہتر تو یہ ہو گا کہ خود کچھ فیصلہ کر لیں
کہاں پر، کس سے، کیسے اور کیا کرنے کے بارے میں

مجھے اب بھی محبت سے محبت ہے بہت ناصر
مگر اب سوچتا ہوں کچھ نیا کرنے کے بارے میں






Comments