ہاکنگی بوقلمونی




زندگی پلکوں سے لکھتے آدمی کی نظم ہے
زندگی اس جنبشِ مژگاں پہ آ کر ختم ہے
ایک جنبش جس کا حیطہ کائناتوں پر محیط
ایک جنبش کا تمدد کہکشاؤں کا بسیط
ایک جنبش میں ازل سے آج تک کی ہر کتاب
ایک جنبش جو کہ آئندہ گذشتہ کا حساب
ایک جنبش میں بسی بگ بینگ کی طاقت تمام
ایک جنبش غیر ممکن بات میں کُن کا کلام
زندگی اس جنبشِ خاموش کا ہنگام ہے
موت اس جنبش کی ڈوری ٹوٹنے کا نام ہے





Comments